ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیر: بال تل راستے سے امرناتھ یاترا بدستور معطل، پہلگام سے جاری

کشمیر: بال تل راستے سے امرناتھ یاترا بدستور معطل، پہلگام سے جاری

Sun, 08 Jul 2018 00:31:11    S.O. News Service

سری نگر،07؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں امرناتھ یاترا کے مختصر راستے سے یاترا ہفتہ کو مسلسل چوتھے روز بھی معطل رہی۔ تاہم جنوبی کشمیر میں پہلگام کے روایتی راستے سے یاترا خوشگوار ماحول میں جاری ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہم نے ہفتہ کی صبح قریب 1300 یاتریوں کو بال تل راستے سے امرناتھ گھپا کی طرف جانے کی اجازت دی تھی۔ لیکن راستے پر ایک بار پھر مٹی کے تودے گرآئے جس کے بعد ہمیں یاترا کو روکنا پڑا‘۔ بال تل راستے پر 3 جولائی کی شام بال پھٹنے اور موسلادھار بارشوں سے مٹی کے تودے گرنے اور فلیش فلڈ کے واقعات پیش آئے تھے جن کے نتیجے میں کم از کم 4امرناتھ یاتری ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

تودے گرنے اور فلیش فلڈ سے بال تل یاترا ٹریک کو نقصان پہنچا تھا۔ جہاں موسم میں بہتری کے ساتھ روایتی پہلگام راستے سے یاترا کو جمعہ کو دو روز کی معطلی کے بعد بحال کیا گیا ، وہیں بال تل راستے سے یاترا ہفتہ کو مسلسل چوتھے دن بھی معطل رہی۔ تاہم ہیلی کاپٹر سروس دونوں راستوں پر معمول کے مطابق چلائی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ جو 4 اور 5 جولائی کو وادی کے دو روزہ دورے پر تھے، ناسازگار موسم کی وجہ سے جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا میں حاضری نہیں دے پائے۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ وادی میں بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے 28 جون سے 5 جولائی تک جاری رہا۔ 


Share: